(قیصر کھوکھر)مینارپاکستان اقبال پارک میں لڑکی کیساتھ افسوسناک واقعہ پر اہم پیش رفت، متعدد ملزمان گرفتار، وز یراعلیٰ نے آئی جی پنجاب کو کل صبح تک حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی سردار علی خان کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی تشکیل، تحقیقاتی کمیٹی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی غفلت اور ذمہ داری کا تعین کریگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت سیف سٹیز اتھارٹی میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ کو انسپکٹر جنرل پولیس نےابتدائی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کے بارے میں کل اجلاس طلب کر لیا ہے۔ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے،جلد سے جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے،متاثرہ خاتون کو انصاف دلائیں گے،واقعہ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاریوں اور شناخت کے حوالے سے بریفنگ دی، آئی جی نے کہا کہ ویڈیوز کی مدد سے نادرا کے ذریعے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے،واقعہ میں ملوث بعض افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف اجلاس میں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پی ایچ اے کے کردار کا تعین کرنے کیلئے بھی سیکرٹری ہاؤسنگ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کی سربراہی میں قائم کمیٹی ذمہ داریوں اور غفلت کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، کمشنر لاہور، سی سی پی او لاہور، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر شریک تھے۔