سٹی 42 : محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور میدانی علاقوں میں گرم رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے سا تھ چند مقاما ت پربارش کا امکان ہے۔
سوموار کے روز موسم کی صورتحال کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران گرم جبکہ بعد ازدوپہر تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے دوران گرم رہنےکا امکان ہے تاہم بالائی اضلاع میں بعدازدوپہر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں گرم رہنےکا امکان ہے تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے، تاہم بعدازدوپہر تیز/گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہنے کاامکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔