(احتشام کیانی) اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے کیس میں عون چوہدری کو بطور گواہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں وکیل درخواست گزار راجہ رضوان عباسی سول جج کی عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزارکی جانب سےعون چوہدری کا بیان قلمبند کرانے کی درخواست دائر کی گئی جس پر وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ درخواست گزار مزید گواہان کا عدالت میں بیان قلمبند کراناچاہتا ہے، عون چوہدری عمران خان کےنکاح میں بطورگواہ شامل تھے، وہ آئندہ سماعت پرعدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں لہٰذا عدالت عون چوہدری کوبطورگواہ کیس میں بیان قلمبندکرنےکی اجازت دے۔
عدالت نے دلائل کے بعد عون چوہدری کو بطور گواہ کیس میں شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 27 اپریل کو سنایا جائے گا۔