ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کیوان کی پہلی سالگرہ، ایمان اسد کا رجب بٹ کے نام جذباتی پیغام

کیوان کی پہلی سالگرہ، ایمان اسد کا رجب بٹ کے نام جذباتی پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کے بیٹے کیوان کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ان کی سابق اہلیہ ایمان اسد نے سابق شوہر کے نام ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے بیٹے کی خوشی میں شریک ہونے کی اپیل کردی۔

ایمان اسد نے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ آج کیوان کی پہلی سالگرہ ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ رجب بٹ بھی اس خوشی کے موقع پر ان کے اور اپنے بیٹے کے ساتھ موجود ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی رجب کو کیوان سے ملنے سے نہیں روکا اور نہ ہی آئندہ ایسا کریں گی، کیونکہ باپ اور بیٹے کا رشتہ اپنی جگہ اہم ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ کیوان اپنی زندگی میں ماں اور باپ دونوں کی محبت اور توجہ حاصل کرے۔

انہوں نے کہا کہ کیوان بھی یقیناً یہی چاہے گا کہ اس کے والد اس کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ ایمان نے رجب سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے کبھی کیوان کا حال جاننے، اس کی ضروریات کے بارے میں پوچھنے یا یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ وقت کیسے گزار سکتے ہیں۔

ایمان اسد کے مطابق ایک سال کی خاموشی اور دوری صرف ایک دن کی سالگرہ منانے سے ختم نہیں ہوسکتی، کیونکہ والد ہونے کی ذمہ داری صرف ایک دن تک محدود نہیں ہوتی بلکہ یہ روزمرہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیوان کی پہلی سالگرہ عدالتوں یا تنازعات کے بجائے اس کی معصوم خوشیوں کے لیے ہونی چاہیے اور وہ نہیں چاہتیں کہ اس دن کی یادیں کسی تلخی یا عدالتی معاملات سے وابستہ ہوں۔

ایمان نے دعویٰ کیا کہ ان کے دروازے رجب بٹ کے لیے ہمیشہ کھلے رہے ہیں اور عید کے موقع پر بھی انہوں نے انہیں کیوان سے ملنے سے نہیں روکا تھا، حالانکہ اس سے چند روز قبل انہیں رجب کی جانب سے طلاق کا نوٹس موصول ہوا تھا۔

سابق اہلیہ نے رجب بٹ سے اپیل کی کہ وہ باہمی اختلافات اور دیگر معاملات کو ایک طرف رکھ کر صرف اپنے بیٹے کے بارے میں سوچیں اور اس کی پہلی سالگرہ میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ رجب چاہیں تو اپنی والدہ، بہن اور دیگر اہل خانہ کو بھی ساتھ لاسکتے ہیں تاکہ کیوان کی سالگرہ ایک خوشگوار اور یادگار موقع بن سکے۔

اپنے پیغام کے آخر میں ایمان اسد نے لوگوں سے بھی درخواست کی کہ ان کی نجی زندگی اور کیوان کی خوشیوں کو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع نہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے کو نفرت یا تنازع نہیں بلکہ محبت، توجہ اور خوشیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

ایمان اسد نے دونوں خاندانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر بحث کرنے کے بجائے عملی طور پر کیوان کی خوشیوں میں شریک ہوں اور اس کی پہلی سالگرہ محبت اور خوشی کے ساتھ منائیں۔