ویب ڈیسک: سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے مشہور تفریحی پارک گرونا لنڈ میں پیش آنے والے خوفناک رولر کوسٹر حادثے کی ویڈیو عدالت میں پیش کی گئی ہے، جس میں ایک خاتون کو چلتے ہوئے کوسٹر سے نیچے گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو 2023 کے جیٹ لائن رولر کوسٹر حادثے کی ہے۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کوسٹر کا ’’ سپورٹ آرم‘‘ ٹوٹنے سے گاڑی اچانک رک گئی اور جزوی طور پر پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں کارِن ایلِمگارڈ 20 فٹ بلندی سے نیچے جا گریں۔ ان کے شوہر میکائل ایلِمگارڈ ایک بیم تھام کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے۔
میکائل نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے بتایا کہ زمین پر خون میں لت پت اپنی اہلیہ کو دیکھ کر وہ یہ بھی نہیں سمجھ پائے کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں۔ اس حادثے میں 30 سالہ ایک خاتون ہلاک جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔
عدالتی بیان میں میکائل نے مزید بتایا کہ کارِن کی جان تو بچ گئی مگر انہیں سرجری سے گزرنا پڑا اور وہ اب بھی شدید جسمانی اور ذہنی تکالیف کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرنے کے دوران انہیں یوں لگا جیسے گھاس تیزی سے اوپر آرہی ہو، اور اگر وہ کسی سخت سطح پر گرتیں تو شاید زندہ نہ بچتیں۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد گرونا لنڈ اور دو دیگر کمپنیوں کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔ استغاثہ کی جانب سے 1 کروڑ 80 لاکھ سویڈش کراؤن جرمانے کی درخواست کی گئی ہے، مؤقف ہے کہ کمپنیوں نے ضروری حفاظتی اقدامات کی سنگین خلاف ورزی کی۔