علی ساہی: پنجاب پولیس کے سربراہ عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی، جس میں انہوں نے درپیش مسائل تفصیل سے سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ویلفیئر اور سروس معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت دی گئی تاکہ پولیس فورس اور ان کے خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران مختلف کیسز سامنے آئے جن پر فوری کارروائی کی گئی۔ لیڈی غازی کانسٹیبل روزینہ یاسمین کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ شہید کانسٹیبل افتخار احمد کی اہلیہ کی جانب سے بچوں کی اسکالرشپ کے لیے دی گئی درخواست بھی فوری طور پر متعلقہ افسر کو بھجوا دی گئی۔
اسی طرح اے ایس آئی محمد شفیع اور ریٹائرڈ ہیڈ کانسٹیبل محمد اشفاق کی طبی مالی امداد کی درخواستوں پر بھی ڈی آئی جی ویلفیئر کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں، لیڈی جونیئر کلرک صباء پروین کی تبادلے کی درخواست پر ڈی آئی جی ایس پی یو کو احکامات جاری کیے گئے، جبکہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد اکرم کی قانونی معاملے سے متعلق درخواست ڈی پی او قصور کو بھجوا دی گئی۔
آئی جی پنجاب نے دیگر پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق درخواستوں پر بھی فوری فیصلے کرنے کی ہدایت دی۔
ترجمان کے مطابق، آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور ان کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔