ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے ساندہ میں پولیس کے ایک اہلکار کو غیر قانونی اسلحہ فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار اہلکار کی شناخت کانسٹیبل فیصل علی کے نام سے ہوئی جو ایس پی اقبال ٹاؤن کا ڈرائیور بتایا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رہائشی آصف شہزاد نے فیصل علی کو اسلحہ فروخت کرتے دیکھا اور فوری طور پر 15 پر کال کر دی۔ اطلاع ملنے پر اے ایس آئی رانا عارف نے موقع پر پہنچ کر آصف شہزاد کی نشاندہی پر اہلکار فیصل علی کو حراست میں لے لیا۔
گرفتاری کے وقت فیصل علی کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل برآمد ہوا جبکہ لائسنس یا اسلحہ رکھنے کا کوئی اجازت نامہ دکھانے میں ناکام رہا۔
پولیس نے اہلکار کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔