سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرم رہنے کا امکان ہےتاہم شام اور رات میں گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ شہر آج بھی ہیٹ ویو کی زد میں رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں اس وقت 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے (صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے شہریوں کو گرمی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ دوپہر 12 بجے سے 4 بجے کے دوران غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔ہیٹ ویو کے دوران پانی ہمراہ رکھیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ دھوپ میں نکلتے وقت سر ڈھانپیں اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھیں۔
کراچی آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا۔ دن کے اوقات میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے تاہم گرمی کا احساس 45 ڈگری سے بھی زیادہ محسوس کیا جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 34 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔ جنوب مغربی سمت سے 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فضائی معیار کے حوالے سے "اے کیو آئی" کے مطابق شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس تسلی بخش ہے، تاہم دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی کا 21واں نمبر ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ شہر میں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 79 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور ہلکے کپڑے پہنیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شام اور رات کے اوقات میں کچھ مقامات پر بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، شام اور رات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ جنوبی اور وسطی اضلاع میں شدید گرمی کا امکان ہے۔ جبکہ شام/رات کے اوقات میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، خیبر اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔ شام یا رات کو مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ بھر میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، خاص طور پر دن کے اوقات میں۔ تاہم، بعداز دوپہر تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور مریضوں کے لیے شدید گرمی میں احتیاط برتنا ضروری ہے۔