ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چاند رات اور عیدالفطر پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

چاند رات اور عیدالفطر پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چاند رات کے موقع پر اہم مقامات پر لیڈی پولیس سمیت 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ صرف لاہور میں 5 ہزار اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

عیدالفطر کے اجتماعات کے لیے صوبہ بھر میں 29 ہزار سے زائد مقامات پر نماز عید ادا کی جائے گی، جہاں سکیورٹی کے لیے 47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ لاہور میں عید کے روز 10 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔

آئی جی پنجاب نے سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردوں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، جبکہ بین الصوبائی سرحدوں اور دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید برآں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور دیگر اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو موثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

افسران بالا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔