وزیر اعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس، کسانوں کو سولر پینل دینے کا فیصلہ

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد : قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اورمہنگی ہوگی،عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، ساتھ ہی اس حوالے سے جامع پلان طلب کرلیا گیا۔  نوازشریف نے ہدایت کی کہ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اورمہنگی ہوگی،عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے۔ کسانو ں کو سولر پینل دیں،حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہیے۔کاشتکار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے۔ آڑھتی او رملوں والوں کے استحصال سے کاشتکار کو بچایا جائے۔
 وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کاشتکار کو جدید مشینری فراہم کریں گے، ڈریپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیاجائے گا۔ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم لائے گی۔ کھاد مہنگی بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔  لاگت میں کمی او رفصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ماضی میں خریداری قیمت سے کم پر ملوں کو گندم فراہم کرتی تھی،غریب اور امیر کی سبسڈی ایک جیسی تھی۔ 630 ارب روپے کا گردشی قرضہ حکومت پر چڑھ گیا، اگر اصلاحات نہ کی جاتیں تو 1.1 ٹریلین تک قرضہ پہنچنے کا خدشہ تھا۔ روزانہ 25 کروڑ صرف قرض کے سود کی مد میں ادا کیا جا رہا تھا،حکومت نے گندم پر جنرل سبسڈی ختم کر دی ہے۔ 
واضح رہے کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری،وزیر خوراک بلا ل یاسین، وزیر زراعت سیدعاشق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، ایس ایم بی آر، سیکرٹری خوراک، زراعت، فنانس، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔