سٹی 42 : امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہاہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ امریکا اور اس کے عوام کی فتح ہے،ٹرمپ نے ایران کو کمزور کرکے ان کا رویہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا، امید ہے حزب اللہ اور اسرائیل معاہدے کا احترام کریں گے۔
امریکی نائب صدرجے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز میں معاہدے کی پاسداری کررہا ہے، ایران نے 2دنوں سے آبنائے ہرمز میں کسی جہاز کو نشانہ نہیں بنایا، گزشتہ رات بحری جہاز 12.5ملین بیرل تیل لیکر آبنائے ہرمز سے گزرے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی ہتھیار بنانے کی صلاحیت ختم کردی گئی، ایران کے بیلسٹک میزائلوں کا بڑا ذخیرہ جنگ کےدوران تباہ کیا جا چکا ہے۔
ان کاکہناتھا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ امریکا اور اس کے عوام کی فتح ہے،ٹرمپ نے ایران کو کمزور کرکے ان کا رویہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا، ایران کا معاہدہ کرنا امریکا کی جیت ہے، مفاہمتی ڈیل ہر لحاظ سے امریکا کے مفاد میں ہے، معاہدے میں شامل ہے ایران ایسے ہتھیار یا میزائل نہیں بنائے گا جس سے دنیا کو خطرہ ہو، معاہدے کے مطابق 60دنوں کا دورانیہ آج سے شروع ہوا ہے۔
جے ڈی وینس نے کہاکہ ایران اپنا رویہ تبدیل کرے گا اس کیلئے بہت اچھی چیزیں ہوں گی،ایران کے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی دیکھا جائے گا، ایران کی کارکردگی دیکھتے ہوئے پابندیوں میں نرمی ہوتی جائے گی، معاشی ریلیف کا انحصار ایران کے اپنے رویے پر ہے، ایران کے رویے کو دیکھتے ہوئے ان کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ امید ہے حزب اللہ اور اسرائیل معاہدے کا احترام کریں گے، کچھ میڈیا کی جانب سے معاہدے کی شقوں کو غلط انداز میں پیش کیاگیا۔