ویب ڈیسک: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تحریری بیان میں امریکہ پر ایران اور امریکہ کے صدور کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی بار بار خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کی ساکھ اور اعتبار مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بار بار کیے گئے وعدہ خلاف اقدامات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے حوالے سے واشنگٹن پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے جنگ بندی کا معاہدہ ناکام ہونے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان حملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث خطے میں ایک مرتبہ پھر مکمل جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ایرانی قوم اور "مزاحمتی محاذ" اسے ایسا سبق دیں گے جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور اس کے اتحادی اپنے مفادات کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔