ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن میں چیئرپرسن اور ارکان کی تقرری نہ کیے جانے کے خلاف دائر درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے تحریری حکم میں چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کو ایک نمائندگی تصور کرتے ہوئے 45 روز کے اندر قانون کے مطابق نمٹایا جائے۔
تحریری حکم کے مطابق چیف سیکرٹری تمام متعلقہ فریقین کو سننے کے بعد مقررہ مدت کے اندر میرٹ اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کے چیئرپرسن اور ارکان کی تقرری عمل میں نہیں لائی جا رہی، جس کے باعث کمیشن کے امور متاثر ہو رہے ہیں۔
درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ حکومت کو کمیشن کے چیئرپرسن اور ارکان کی فوری تقرری کا حکم دیا جائے، تاہم عدالت نے معاملہ چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجواتے ہوئے مقررہ مدت میں فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔