سٹی42: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی یقینی بنانے کی تاکید کی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ممبر و محراب کا معاشرے کی اصلاح اور انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہے، لہٰذا پولیس افسران اپنی ذمہ داری کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔ انہوں نے ڈی پی اوز اور دیگر افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں کی مساجد کا دورہ کریں اور نماز جمعہ کے بعد شہریوں کے مسائل براہ راست سنیں۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مساجد کی افادیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور سینئر پولیس افسران کو چاہیے کہ وہ شہریوں کے گھر کی دہلیز پر جا کر ان کے مسائل سنیں اور فوری حل کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو پولیس کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں آگاہی دی جائے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہو۔