ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹی20 ورلڈ کپ، آئی سی سی نے ویزہ حاصل کرنے کا حل نکال لیا ، آخری تاریخ 31 جنوری

ٹی20 ورلڈ کپ، آئی سی سی نے ویزہ حاصل کرنے کا حل نکال لیا ، آخری تاریخ 31 جنوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)  ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو ویزا حاصل کرنے میں جو تاخیر ہو رہی تھی، آئی سی سی نے اس کا حل نکال لیا ہے۔ آئی سی سی نے ایک اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی پاکستانی نژاد تمام افراد کو بھارت آنے کیلئے ویزا مل جائے گا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 7 فروری سے ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستانی نژاد کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ویزا سے متعلق مسائل تقریباً حل کر لئے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں اور حکام سمیت کل 42 پاکستان نژاد افراد  ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت آ رہے ہیں۔ ایسے میں آئی سی سی نے ویزا سے متعلق رسمی کارروائیوں کو آسان بنانے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔

جیسا کہ انگلینڈ کی ٹیم میں پاکستانی نژاد کرکٹرز میں اسپنر عادل رشید، ریحان احمد اور فاسٹ بولر ثاقب محمود شامل ہیں۔ امریکہ کی ٹیم میں علی خان اور شایان جہانگیر جبکہ نیدرلینڈ کی ٹیم میں ذوالفقار ثاقب جیسے پاکستانی نژاد چند کھلاڑی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے کھلاڑی رشید، ریحان اور ثاقب کی ویزا درخواستیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں۔ نیدرلینڈ کی ٹیم کے ارکان اور کینیڈا کے معاون اسٹاف کے رکن شاہ سلیم ظفر کو بھی ویزا مل چکا ہے۔اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، امریکہ، اٹلی، بنگلہ دیش اور کینیڈا کی ٹیم میں شامل پاکستانی قومیت یا پاکستانی نژاد کھلاڑیوں اور حکام کے لیے ویزا جاری کرنے کا عمل جاری ہے۔ ان ٹیموں کے لیے ویزا جاری کرنے کیلئے ضروری کارروائی اگلے ہفتے کیلئے مقرر کر دی گئی ہے، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ یہ عمل اپنے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ شرکاء کے لیے ویزا جاری کرنے کی آخری تاریخ 31 جنوری ہے۔

دنیا ئے کرکٹ میں معاون اور مکمل رکن ممالک میں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی نمائندگی کو دیکھتے ہوئے اس عمل میں تیزی کو ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ آئی سی سی کے اس عمل میں کئی ٹیموں کے کرکٹرز، حکام اور اسٹینڈ بائی کھلاڑی شامل ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی کرکٹ کی سب سے بڑی تنظیم آخری وقت میں کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچنا چاہتی ہے۔ آئی سی سی اس مقصد کیلئےمختلف ممالک کے کئی شہروں میں واقع بھارتی سفارت خانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام کھلاڑیوں اور حکام کی ویزا درخواستیں بغیر کسی رکاوٹ کے نمٹائی جائیں۔ آئی سی سی کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ زیر التوا معاملات مقررہ مدت کے اندر باقاعدگی سے نمٹائے جائیں گے۔