ویب ڈیسک: آبنائے ہرمز میں کشیدگی مزید بڑھ گئی، جہاں ایک تجارتی جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں انجن روم کو نقصان پہنچا اور عملے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق واقعہ منگل کو آبنائے ہرمز سے باہر نکلتے ہوئے پیش آیا۔
حملے کے بعد عمانی کوسٹ گارڈ نے جہاز کے دیگر عملے کو امداد فراہم کی، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے تاحال جہاز اور اس کے کارگو سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت پہلے ہی شدید کشیدگی کی زد میں ہے۔ حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات سے منسلک آئل ٹینکرز بھی حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
دوسری جانب ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت بحال کرنے کے لیے بات چیت بھی جاری ہے، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی شپنگ اور توانائی کی ترسیل کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔
پاکستان کے لیے اہمیت: آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کا انتہائی اہم راستہ ہے، اس لیے یہاں کشیدگی برقرار رہنے سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور بالخصوص پاکستان کے درآمدی ایندھن کے اخراجات پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔