سٹی 42 : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ جاپان کا گنجان آباد اور صنعتی شہر یوکو ہاماجدید شہری ترقی کی نادر مثال ہے، دریائے راوی کے کنارے آباد لاہور کو بھی یوکو ہاما کی طرز پر ترقی دینا چاہتے ہیں۔
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے جاپان کے تاریخی اور صنعتی شہر یوکو ہاما کی بندرگاہ اور یوکو ہاما کی تاریخی ’سُرخ پتھروں کی عمارت‘ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مریم نوازنے یوکوہاما کی ڈویلپمنٹ کو سراہا اور پورٹ آپریشنز کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نےکہا کہ دریائے راوی کے کنارے آباد لاہور کو بھی یوکو ہاما کی طرز پر ترقی دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکوہاما کی طرز پر لاہور اور پنجاب کے صنعتی اور گنجان آباد شہروں کی تعمیر وترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، روڈا کو یوکوہاما کی طرز پر شہری ترقی کے جدید ادارے میں تبدیل کرنا چاہتا ہیں، صنعتی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی اور خطرات سے بچاؤ کو یقینی بناتے ہوئے شہری ترقی چاہتے ہیں، جاپان کا گنجان آباد اور صنعتی شہر یوکو ہاماجدید شہری ترقی کی نادر مثال ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے یوکوہاما کے شہری ترقی کے ادارے کو لاہور کے دورے اور روڈا کے کام کو دیکھنے کی دعوت دی ۔ یوکو ہاما کی ٹیم نے لاہور کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو پورٹ کے کام اور مینجمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں یوکوہاما بندرگاہ میں سہولیات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلی مریم نواز نے دورہ جاپان کے دوران یوکو ہاما کی تاریخی ’سُرخ پتھروں کی عمارت‘ کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ’یوکو ہاما ریڈ برِک وئیر ہاﺅس‘ کے مختلف حصے دیکھے، بندرگاہ کے ساتھ آباد تاریخی اور قدیمی ’یوکو ہاما ریڈ برِک وئیر ہاؤس ‘ کا نیا نام’نیو پورٹ پیئر بانڈڈ وئیر ہاﺅس‘ (Newport Pier Bonded Warehouse)ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے وئیر ہاؤس میں کمیونٹی ویلفئیر کے تحت چلنے والے بچوں کو ہنرمندی سکھانے کے مرکز کا دورہ بھی کیا ۔ انہوں نے بچوں کو کاغذ اور دیگر اشیاء سے چیزیں بناتے بھی دیکھا ۔بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے مختلف نمونے بھی وزیراعلی مریم نواز کو دکھائے۔

وزیر اعلی مریم نواز نے بچوں کو شاباش دی اور اُن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ویلفئیر کے اس ماڈل کو پنجاب میں بھی فروغ دے رہے ہیں، پنجاب کے بچوں کے لئے بھی جدید خطوط اور سہولیات کے ساتھ تعلیم اور ہنرمندی کا طریقہ اپنا رہے ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کا ’ریڈ برِک وئیر ہاﺅس‘ کی انتظامیہ کی بہترین کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ تھیں۔