ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عازمین حج کیلئے خوشخبری، حج پروازوں کا شیڈول جاری

عازمین حج کیلئے خوشخبری، حج پروازوں کا شیڈول جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 اشرف خان: قومی ایئرلائن نے قبل از حج آپریشن 2026 کا آغاز کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 19 اپریل سے ہوگا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے رواں سال 191 پروازوں کے ذریعے 55 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچائے گی۔ ان میں سے تقریباً 49 ہزار عازمین سرکاری اسکیم جبکہ 6 ہزار سے زائد نجی حج گروپس کے تحت سفر کریں گے۔

حج آپریشن کیلئے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے 46 پروازوں کے ذریعے 15,400 سے زائد، کراچی سے 55 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار، لاہور سے 34 پروازوں کے ذریعے 12,377، فیصل آباد سے 23 پروازوں کے ذریعے 3,680، ملتان سے 13 پروازوں کے ذریعے 5,383، سیالکوٹ سے 5 پروازوں کے ذریعے 2,075 جبکہ کوئٹہ سے 15 پروازوں کے ذریعے 4,487 عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

قبل از حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747، سیالکوٹ سے مدینہ منورہ کیلئے 19 اپریل کو رات 1:55 بجے 390 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی، جبکہ اسی روز فیصل آباد سے پرواز پی کے 4003 دن 11:05 بجے 150 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔

دیگر ابتدائی پروازوں کے مطابق اسلام آباد سے مدینہ منورہ کی پہلی پرواز، پی کے 713، 21 اپریل کو صبح 11:30 بجے 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی،کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 21 اپریل کو صبح 05:45 بجے 300 سے زائد عازمین حج کو لے کر روانہ ہوگی۔

کراچی سے پہلی افتتاحی پرواز 23 اپریل کو پی کے 743 کے ذریعے صبح 07:15 بجے 391 عازمین حج اپنے سفر کا آغاز کریں گے،لاہور سے قبل ازحج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747  چوبیس اپریل کو رات 22:20 بجے 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔[

  حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں ائیرپورٹس اور پی آئی اے دفاتر پر موجود ایئر لائنز کی ٹیمیں عازمین حج کو معلومات اور رہنمائی فراہم کریں گی،عازمین کی خدمت کیلئے ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے اور تمام ٹیمز کو سی ای او پی ائی اے کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ حجاج کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نا برتی جائے۔

  ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 21 مئی کو انشاء اللہ اختتام پذیر ہوگا.