ویب ڈیسک: ہر سال ستمبر میں اعتدال خریفی کا مرحلہ آتا ہے، جس کے دوران سورج خط استوا کے عین اوپر سے گزرتا ہے۔ اس سال اعتدال خریفی کا آغاز 23 ستمبر کو ہوگا۔
اعتدال خریفی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر علاقوں میں دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہوجاتا ہے۔ اس دوران سورج تقریباً عین مشرق سے طلوع اور مغرب میں غروب ہوتا ہے خط استوا زمین کے درمیان سے گزرنے والی ایک فرضی لکیر ہے جو کرۂ ارض کو شمالی اور جنوبی نصف کرے میں تقسیم کرتی ہے۔
اعتدال خریفی کے بعد شمالی نصف کرے میں دن کا دورانیہ بتدریج کم جبکہ راتیں طویل ہونا شروع ہوجاتی ہیں، اس کے برعکس جنوبی نصف کرے میں دن طویل اور راتیں مختصر ہونے لگتی ہیں۔ اسی طرح مارچ میں اعتدال ربیعی کا مرحلہ آتا ہے، جب سورج خط استوا سے گزرتے ہوئے شمالی نصف کرے کی جانب بڑھتا ہے۔ جون اور دسمبر میں سال کے طویل ترین اور مختصر ترین دنوں سے متعلق فلکیاتی مراحل آتے ہیں۔
زمین کا سورج کے گرد مدار میں ایک جانب جھکاؤ موسموں اور دن رات کے دورانیے میں تبدیلی کی بنیادی وجہ ہے۔