ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مریم نواز کا پنجاب بھر میں 5 ہزار الیکٹرک بسوں کا اعلان، ملتان میں افتتاح کردیا

 مریم نواز کا پنجاب بھر میں 5 ہزار الیکٹرک بسوں کا اعلان، ملتان میں افتتاح کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کردیا، وزیراعلیٰ الیکٹرک بس میں سوار ہوکر تقریب میں پہنچیں جہاں ان پر پھول نچھاور کیے گئے۔

مریم نواز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملتان کے شہریوں نے ان کا انتہائی محبت سے استقبال کیا، یہاں 60 گرین بسوں سے سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ آنے والے چند ہفتوں میں بسوں کی تعداد 160 ہوجائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے الیکٹرک بس میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب کے ہر علاقے اور ہر تحصیل میں گرین بسیں چلائیں گے اور پنجاب میں 5 ہزار الیکٹرک بسوں کا ہدف پورا کریں گے۔ چند ہفتوں میں مزید 1100 گرین بسیں بھی آجائیں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں بلاتفریق ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ان کے نزدیک لاہور اور دیگر شہروں کے درمیان کوئی تفریق نہیں ملتان میں کسانوں کی سہولت کے لیے ایگری مال بھی بنایا گیا ہے۔ ملتان وہاڑی روڈ کو ماضی میں قاتل روڈ کہا جاتا تھا اور اس پر سفر ڈھائی گھنٹے میں مکمل ہوتا تھا، نئی سڑک بننے کے بعد سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ رہ گیا ہے۔ اگر انہیں مزید ڈھائی سال مل گئے تو ملتان اور جنوبی پنجاب کا نقشہ بدل دیں گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ملتان میں کینسر سینٹر کا افتتاح بھی کردیا گیا ہے جہاں کینسر کے علاج کے لیے جدید اور مہنگی مشین نصب کی گئی ہے لاہور میں اس مشین کے ذریعے 100 مریضوں کا علاج ہوچکا ہے جبکہ ایک مریض کے علاج پر 16 سے 28 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ کینسر کے مریضوں کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور ملتان میں نصب مشین سے 2 خواتین کا علاج بھی کیا جاچکا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ایک سال کے اندر کینسر ہسپتال بنانے کا ہدف ہے پنجاب میں طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی اور طلبہ کے لیے ماہانہ قسط صرف 3 ہزار روپے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت 2 لاکھ افراد کو گھر مل چکے ہیں جبکہ اگلے ڈھائی سال میں 5 لاکھ افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا چاہتے ہیں  کمزور چھتیں تبدیل کرنے کے لیے بھی لوگوں کو مالی مدد دی جائے گی، جبکہ بے روزگار افراد میں کاشتکاری کے لیے سرکاری زمین تقسیم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دو سال میں پنجاب میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائی جاچکی ہیں، جبکہ سیوریج، صاف پانی اور ستھرا پنجاب سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے پنجاب میں 100 سے زائد منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ صبح سے رات تک عوام کی خدمت کے لیے کام کرتی ہیں، نہ خود خیانت کریں گی اور نہ کسی اور کو خیانت کرنے دیں گی ان کے مطابق چند ہفتوں میں 600 کرپٹ پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے اور کسی بھی کرپٹ افسر کو نہیں رہنے دیں گی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں سرکاری جہاز کے استعمال پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کہا کہ تمام وزرائے اعلیٰ کے پاس جہاز کی سہولت موجود ہے اور تنقید صرف ان پر ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ یہ جہاز مریم نواز کا نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا جہاز ہے اور وہ اسے رائے ونڈ نہیں لے گئیں۔

مریم نواز نے کہا کہ انہیں لوگوں تک پہنچنے کے لیے سفر کرنا پڑتا ہے، کبھی جہاز اور کبھی گاڑی پر سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ملتان آنا تھا تو کیا چنگچی پر بیٹھ کر لاہور سے ملتان آتیں؟ ان کے مطابق وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کا کوئی بھی دورہ ذاتی نہیں ہوتا اور وہ جہاں بھی ہوں، حکومتی کام کرتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تنقید جہاز پر نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی پر ہو رہی ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ دوسروں کو دیا ہی ہے، جبکہ ان پر تنقید اس لیے ہو رہی ہے کہ انہوں نے کام کرکے دکھایا ہے۔