علی ساہی:پنجاب پولیس نے مختلف سکالرشپس، میڈیکل اسسٹنس اور ویلفیئر سہولیات میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں، جبکہ شادی گفٹ کی رقم میں بھی بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بیٹی کی شادی کیلئے گفٹ کی رقم 2 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ سروس کے دوران فوت ہونے والے اہلکار کی بیٹی کیلئے رقم 2 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے، جبکہ شہید کی بیٹی کیلئے سب سے زیادہ 7 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ شادی گفٹ کا کلیم شادی کے 2 سال کے اندر جمع کرانا لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کلاس چہارم کیلئے 20 ہزار روپے یکمشت نیا وظیفہ، ایف اے اور ایف ایس سی کیلئے سالانہ 50 ہزار روپے جبکہ گریجویشن کیلئے سالانہ 60 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
سپیشل ایجوکیشن کیلئے ماہانہ 75 ہزار روپے یا سالانہ امداد اور علاج معالجہ کیلئے 15 لاکھ روپے تک مالی معاونت دی جا سکے گی۔ سکالرشپ کا کلیم داخلے کے 2 سال کے اندر جمع کرانا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کینسر کے علاج کیلئے حاضر سروس اہلکار کو 10 لاکھ روپے جبکہ بیوی اور بچوں کیلئے 5 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ معمولی سرجری کیلئے اہلکار کو ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ بیوی بچوں کیلئے ایک لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل کلیم بھی 2 سال کے اندر جمع کرانا لازمی ہوگا۔