ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاک بھارت جنگ بندی سب سے بڑی سفارتی کامیابی قرار:ڈونلڈ ٹرمپ

پاک بھارت جنگ بندی سب سے بڑی سفارتی کامیابی قرار:ڈونلڈ ٹرمپ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کو اپنی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی کامیابی قرار دے دیا۔ اُنہوں نے اعتراف کیا کہ دنیا بھر سے انہیں اس اقدام پر سب سے زیادہ سراہا گیا۔

صدر ٹرمپ نے انٹرویو میں پاکستانیوں کی ذہانت اور ان کی شاندار پیداواری صلاحیتوں کا بھی کھل کر اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ذہین لوگ ہیں، وہ حیرت انگیز اشیاء بناتے ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ امریکا اور پاکستان کے اچھے تعلقات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بہت کم ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کی پاکستان سے بات چیت نہایت عمدہ رہی اور یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔انہوں نے بھارت کے حوالے سے بھی کہا کہ وہ شروع سے پُریقین تھے کہ وہاں تجارت پر بات ہوگی لیکن پاکستان نے بھی تجارت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے۔ یہ چھوٹی موٹی لڑائی نہیں تھی، دونوں بڑی ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے تھیں۔ میزائل حملے ہو رہے تھے اور معاملہ اس نہج پر تھا کہ کسی بھی لمحے نیوکلیئر جنگ چھڑ سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی جنگ ایک "غلیظ اور بدنما ترین" صورتحال ہوتی ہے اور خوشی ہے کہ بروقت مداخلت سے ایسا ہونے سے بچا لیا گیا۔ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ پاکستان اور بھارت سے فوری رابطہ کریں، تجارت اور مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ دشمنی کو ختم کر کے امن قائم کیا جا سکے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اور امن قائم کرنے کا ذریعہ بنا رہا ہوں۔

بھارت پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت وہ ملک ہے جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹیرف عائد کرتا ہے اور غیر ملکی کاروبار کے لیے مشکلات پیدا کرتا ہے تاہم اب بھارت بھی امریکا سے تجارتی رعایت پر راضی ہو رہا ہے۔