ویب ڈیسک: ویسے تو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ جی پی ٹی کا استعمال متعدد کاموں کے لیے کیا جاتا ہے۔
مگر لگتا ہے کہ بہت جلد یہ اے آئی چیٹ بوٹ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کو بھی سخت ٹکر دینے والا ہے۔
جی ہاں واقعی امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص نے چیٹ جی پی ٹی کو اپنے گھر کو فروخت کرنے کے لیے استعمال کیا۔
رابرٹ لیوین نامی شخص نے بتایا کہ اس نے چیٹ جی پی ٹی کو اپنے گھر کی فروخت کے اشتہار اور دیگر تیاریوں کے لیے استعمال کیا۔
اس نے چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا تھا کہ کس طرح مارکیٹنگ مواد تیار کیا جائے اور ممکنہ خریداروں کو گھر دکھانے کے لیے کیسے رابطہ کیا جائے جبکہ فروخت کے معاہدے کا مسودہ بھی چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے تیار کیا۔
رابرٹ لیوین نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے تیار کردہ اشتہار کی بدولت اولین 72 گھنٹوں میں اسے 5 پیشکشیں موصول ہوئیں اور گھر 5 دن کے اندر فروخت ہوگیا۔
اس کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرنے سے اسے ایجنٹ کا 3 فیصد کمیشن بچانے میں مدد ملی۔
پیسوں کی بچت کے ساتھ ساتھ گھر کی فروخت بھی بہت جلد مکمل ہوگئی۔
کوپر سٹی کا یہ مکان 15 سال سے رابرٹ لیوین کا گھر تھا اور وہ یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ اے آئی کے استعمال سے اس کی فروخت ممکن ہوسکتی ہے یا نہیں۔