علی رامے: پنجاب حکومت نے وی آئی پیز کی سکیورٹی اور سہولت کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 32 گاڑیاں خریدی جائیں گی جن کی مالیت 52 کروڑ 35 لاکھ روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان میں 20 ٹویوٹا فارچیونرز سگما 4×4 شامل ہیں جن کی مالیت 37 کروڑ 27 لاکھ روپے ہے، جبکہ وی آئی پیز کے لیے 12 ہائی لکس 4×4 گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی جن کے لیے 11 کروڑ 26 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
گاڑیوں میں وی آئی پیز کی حفاظت کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے جن میں نائٹ وژن، تھرمل کیمرے اور دیگر جدید سکیورٹی آلات شامل ہیں۔
اگرچہ محکمہ خزانہ نے فارچیونر گاڑیوں کو لگژری قرار دیتے ہوئے کچھ اعتراضات اٹھائے تھے، لیکن وزیراعلیٰ نے ٹرانسپورٹ ونگ کی سفارشات کی بنیاد پر منظوری دی۔
واضح رہے کہ خریدی گئی گاڑیاں موٹر ٹرانسپورٹ ونگ کے ذریعے استعمال اور نگہداشت کے لیے فراہم کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل لاہور میں وی وی آئی پیز کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا رتھا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی ڈویژن لاہور نے اہم سکیورٹی مقامات پر جدید کیمروں کی تنصیب کے لیے تیاری شروع کر دی ۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سی سی ٹی وی منصوبے کے لیے سمری کابینہ کو بھی بھجوا دی ہے، جس میں فنڈز کی درخواست بھی شامل ہے۔
منصوبے کے لیے 1 کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔ ذرائع کے مطابق منصوبے میں تمام ضروری آلات شامل ہوں گے اور سکیورٹی ڈویژن لاہور میں نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔