جنید ریاض:محکمہ تعلیم نے میٹرک امتحانات کے دوران سیکیورٹی اور امتحانی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مزید سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رواں سال میٹرک امتحانات 27 مارچ سے باقاعدہ آغاز ہوں گے، جن میں 2 لاکھ 75 ہزار طلباء شرکت کریں گے۔
حکام کے مطابق امتحانات کے دوران بوٹی مافیا کی موقع پر گرفتاری اور مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ امتحانی میٹریل غائب کرنے والے کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اساتذہ کی جانب سے نقل کروانے پر آئندہ امتحانات میں پابندی لگائی جائے گی اور ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی بھی کی جائے گی۔ اساتذہ کو 50 ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔تمام امتحانی سنٹرز میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی اور دفعہ 144 نافذ کی جائے گی۔
مزید برآں، غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی اور سنٹر میں صرف امتحانی عملہ اور رول نمبر سلپ کے حامل طلباء کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
حکام نے کہا ہے کہ یہ اقدامات امتحانات کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے اور نقل و کرپشن کو روکنے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ طلباء کی محنت کو محفوظ اور شفاف ماحول میں پرکھا جا سکے۔