فاران یامین, رمشا اسماعیل ثمرہ فاطمہ:لاہورشہر میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں موسم گرم ہے اور صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکولیٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو صحت کے لیے مضر قرار دی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے بارشیں برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو گا، جس کے تحت 18 سے 20 مارچ تک مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔