(جنید ریاض) ٹیوشن سنٹر و اکیڈمیز میں میٹرک اور انٹر فیل اساتذہ کے پڑھانے کا انکشاف،یکم اپریل تک رجسٹریشن نہ کروانے والے ٹیوشن سنٹرز و اکیڈمیز کو سیل کردیا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور شہر بھر کے مختلف ٹیوشن سنٹر میں میٹرک اور انٹر فیل اساتذہ کا بچوں کو پڑھانے کا انکشاف ہوا، لاہور بھر میں 5 ہزار 980 غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سنٹر اور اکیڈمیز قائم ہیں۔شہر بھر میں غیر رجسٹرڈ اکیڈمیز اور ٹیوشن سنٹرز چلانے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نوٹس لے لیا۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سنٹرز اور اکیڈمز کو یکم اپریل سے سیل کرنے کا حکم جاری کردیا۔اب صرف لائسنس ہولڈرز ٹیوشن سنٹر اور اکیڈمیز چلائی جاسکیں گی۔ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اداروں کو بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کی قطاء اجازت نہیں دی جائے گی۔
رجسٹریشن کے وقت اکیڈمی میں پڑھانے والے اساتذہ کی مکمل معلومات اتھارٹی کوفراہم کرنا ہوگی ۔تمام غیررجسٹرڈ ٹیوشن سنٹر اور اکیڈمیز یکم اپریل تک خود کو رجسٹرڈ کروائیں، رجسٹریشن نہ کروانے والے ٹیوشن سنٹرز کو سیل کردیا جائے گا۔