رائو دلشاد:پنجاب حکومت نے لاہور میں "مریم نواز سپورٹس سٹی" کے قیام کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کا مقصد صوبے میں عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا اور بین الاقوامی معیار کا جدید اسپورٹس کمپلیکس قائم کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت لاہور میں 300 ایکڑ رقبے پر جدید، مربوط اور عالمی معیار کا سپورٹس سٹی تعمیر کیا جائے گا۔ فزیبلٹی اسٹڈی میں منصوبے کی لاگت، مالیاتی پائیداری، ماحولیاتی اثرات، تکنیکی امور اور دیگر ضروری پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ اس کی بنیاد پر منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق مؤثر اور ٹھوس فیصلہ کیا جا سکے۔
اس دوران مجوزہ مقام کا تفصیلی سروے بھی کیا جائے گا، جس میں زمین کی دستیابی، رسائی، جغرافیائی صورتحال، ٹریفک پر ممکنہ اثرات، جیو ٹیکنیکل تحقیقات، یوٹیلیٹی سسٹمز، ماحولیاتی اور سماجی اثرات سمیت تمام تکنیکی معاملات کا جائزہ شامل ہوگا۔
مجوزہ ماسٹر پلان کے مطابق سپورٹس سٹی میں عالمی معیار کی متعدد کھیلوں کی سہولیات قائم کی جائیں گی، جن میں ملٹی پرپز آؤٹ ڈور اسٹیڈیم، ملٹی اسپورٹس انڈور کمپلیکس، اولمپک معیار کا سوئمنگ ایرینا، ویلوڈروم، اسکواش ایرینا، لان ٹینس، پیڈل ٹینس اور فٹسال کورٹس شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ تیر اندازی کمپلیکس، ملٹی پرپز اسپورٹس گراؤنڈ، اسپورٹس انسٹی ٹیوٹ، کھلاڑیوں کے ہاسٹل، انتظامی دفاتر، کمرشل ایریاز، ریسٹورنٹس، وسیع پارکنگ، جدید سڑکوں کا جال، لینڈ اسکیپنگ، یوٹیلیٹیز اور دیگر عوامی سہولیات بھی منصوبے کا حصہ ہوں گی۔