شہزاد خان:لاہور میں پیٹرول کی سپلائی کی صورتحال آج بھی مزید خراب ہو گئی، جہاں صبح سے آئل ڈپوؤں سے سپلائی کے لیے ایک بھی گاڑی روانہ نہ ہو سکی۔ اس صورتحال پر پیٹرول پمپ مالکان نے مصنوعی قلت پیدا کیے جانے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر سینٹرل پنجاب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن چوہدری نعمان مجید کا کہنا ہے کہ اوگرا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
ان کے مطابق خدشہ ہے کہ آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے بعد ہی سپلائی بحال کی جائے گی۔
چوہدری نعمان مجید نے الزام عائد کیا کہ بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیاں قیمتوں میں اضافے کے لیے سپلائی روک کر مارکیٹ کو بلیک میل کرتی ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں میں اضافے سے قبل سپلائی معطل کرنا مصنوعی قلت پیدا کرنے کے مترادف ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے ملک بھر میں پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔