رائو دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ کاہنہ کے شہید بچوں کی یاد میں "اپنی چھت، محفوظ چھت" پراجیکٹ کو ان کے نام سے منسوب کرتے ہوئے منصوبے کا ڈیجیٹل پورٹل لانچ کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کے لیے قرضوں کی اقساط میں بھی نمایاں کمی کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ منصوبے کے تحت 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرض کی ماہانہ قسط 14 ہزار روپے کے بجائے تقریباً 4 ہزار 700 روپے مقرر کی جائے، جبکہ 10 لاکھ روپے تک کا قرض حاصل کرنے والے شہریوں کی ماہانہ قسط 9 ہزار 300 روپے رکھی گئی ہے۔
اس اسکیم کے تحت شہری اپنے گھروں کی کمزور چھتوں کو محفوظ بنانے، اضافی کمرہ تعمیر کرنے یا دوسری منزل کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے۔ پانچ لاکھ روپے کے قرض کی واپسی نو برس کے دوران تقریباً 4 ہزار 700 روپے ماہانہ اقساط میں کی جائے گی۔
منصوبے کے حوالے سے بریفنگ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے دی، جبکہ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تیاری پر پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گھر محض اینٹ اور پتھر کا ڈھانچہ نہیں بلکہ تحفظ، سکون اور خاندان کی سلامتی کی علامت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے اپنے گھر میں ماں کے ساتھ خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں اور ایک محفوظ گھر ہر انسان کو اعتماد اور اطمینان فراہم کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سانحہ کاہنہ کو انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیر کے دوران چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جس کا دکھ وہ آج بھی محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے کے بعد وہ پوری رات سو نہ سکیں اور متاثرہ ماں کے غم کو قریب سے محسوس کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شدید بارشوں، آندھیوں اور دیگر موسمی حالات کے باعث کمزور چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، جن میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی خطرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور ہر گھر کو مضبوط بنانے کے لیے "اپنی چھت، محفوظ چھت" منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔