ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: محکمہ موسمیات کا ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہناہے کہ آج کئی شہروں میں مطلع جزوی تا مکمل ابرآلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

لاہور میں آج مطلع جزوی ابرآلود ہے اور بادلوں کی موجودگی سے موسم میں ہلکی خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے اور 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آلودگی کے اعتبار سے لاہور 223 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

کراچی میں بھی آج مطلع ابرآلود ہے اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے کراچی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 184 ریکارڈ کیا گیا ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شہر قائد نویں نمبر پر ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بعد از دوپہر مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہو سکتا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری تک جا سکتا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع ابرآلود رہے گا۔ کوئٹہ، چمن، پشین، مسلم باغ، ژوب، زیارت، بارکھان، سبی، قلات، کیچ، پنجگور، واشک، خاران، لسبیلہ، خضدار اور گوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں 1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں درجہ حرارت منفی ایک، ژوب میں 4، سبی میں 13، تربت میں 16، نوکنڈی میں 10، چمن میں 4، گوادر میں 14 اور جیوانی میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہے گا۔ پنجاب کے ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال اور ساہیوال سمیت سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی چند مقامات پر بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔