سٹی42: خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بھی اشتہاری ملزم ڈیکلئیر ہو گیا۔ خیبرپختونخوا کے پانچ ارکان صوبائی اسمبلی کو بھی عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا۔
عدالتی اشتہار کے مطابق سہیل آفریدی، مینا خان، امجد علی، شفیع اللہ جان اور اقبال آفریدی کی گرفتاری کے لئے اشتہار شائع کیے گئے ہیں۔
آج بدھ کے روز پانچوں ملزمان کو سی ٹی ڈی اسلام آباد کے دائر کئے ہوئے دو مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ عدالت کی جانب سے میڈیا میں اور دیگر ذرائع سے اشتہار ک شائع کر کے ملزمان کو 30 روز کے اندر پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالتی اشتہار میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ملزمان مقررہ 30 دن کے اندر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 4 دسمبر کو ان ملزموں کی عدالت میں پیش نہ ہونے کی مسلسل روز کے سبب ان کے خلاف اشتہارات جاری کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد عدالتی احکامات پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے اشتہارات جاری کیے گئے ہیں۔