سٹی 42 : محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بالائی و مغربی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد موسمی نظام کے زیر اثر 20 دسمبر کو بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا آغاز متوقع ہے، بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع چاغی، خاران اور قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور گردونواح میں بارش اور درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور اور اسکردو میں بارش اور برفباری، بعض مقامات پر شدید برفباری کی توقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 20 سے 21 دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
علاوہ ازیں وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ناران، کاغان، سوات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں سڑکوں کی بندش کا خدشہ ظاہر کردیا ہے، ساتھ ہی بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔