ثمرہ فاطمہ:لاہورشہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 224 ریکارڈ کی گئی ہے۔
مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بلند رہی، برکی روڈ پر آلودگی کی شرح 352 اور ڈی ایچ اے میں 344 ریکارڈ کی گئی۔ جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 265 جبکہ عسکری ٹین میں 237 ریکارڈ ہوئی۔ بیدیاں روڈ پر آلودگی کی شرح 175 اور اقبال ٹاؤن میں 174 ریکارڈ کی گئی۔
فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں خشک سردی کا راج رہے گا اور آئندہ چند روز کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔