’’ہماری حکومت بلوچستان کی ترقی میں بھرپور معاونت کرے گی‘‘

(قذافی بٹ) کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبا کے وفد کا گورنر ہاؤس کا دورہ، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت بلوچستان کی ترقی میں بھرپور معاونت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبا کا استقبال گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کیا۔ طلبا کو گورنر ہاؤس کے مختلف حصوں کی سیر بھی کروائی گئی۔ طلبا نے مختلف موضوعات پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سوالات بھی کیے۔

 طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے گورنر ہاؤس کے دروازے عام آدمی اور طلبا کے لیے کھولے ہیں، ہمارا مقصد ان مقامات تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کیا لیکن تحریک انصاف کی حکومت بلوچستان کی ترقی میں بھر پور معاونت کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے طلبا و طالبات کو ہم بھرپور مدد فراہم کریں گے۔