سٹی 42 : وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے پی ڈی ایم اے پنجاب انتظامیہ، پولیس، ریسکیو کو ضروری پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی، ساتھ ہی ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز پی ڈی ایم اے پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کوہ سلیمان رود کوئیوں میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لئے پیشگی انتظامات کا حکم دے دیا، ساتھ ہی مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور کوہ سلیمان کے اضلاع میں خصوصی ا قدامات کا بھی حکم دے دیا گیا۔ اس موقع پر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مری اور متصل علاقوں کی طرف سیاحتی سفر پر پابندی پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر سیاحوں کی نقل وحمل محدود کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے پنجاب فوری متحرک، درکار وسائل مہیا کرنے کے لئے سرگرم ہوچکی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی اجنب سے ڈپٹی کمشنرز کو طوفانی بارشوں کے پیش نظر دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی گئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر آبی گزر گاہوں کے ارد گرد آبادیوں کے لئے کشتیاں،لائف جیکٹ اور دیگر سامان مہیا کردیا گیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلاء کو یقینی بنایا جائے ۔
دریاؤں نہروں و ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظرنہانے پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے دریاؤں اور ندی نالوں کے کنارو ں پر پولیس پٹرولنگ کی ہدایت کردی۔ مریم نواز نے اپیل کی ہے کہ والدین بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں ۔