سٹی42: پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں اسکول ٹیچر انٹرنز (ایس ٹی آئیز) کو دوبارہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھرتی کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہے۔
ساڑھے 12 ہزار کے قریب ایس ٹی آئیز کنٹریکٹ میں توسیع کے منتظر ہیں۔ ان کا کنٹریکٹ گرمیوں کی تعطیلات کے آغاز پر ختم کر دیا گیا تھا اور تعطیلات کے اختتام کے باوجود اب تک کسی قسم کی توسیع نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اِن انٹرنز سے تقریباً اڑھائی ماہ کام لیا گیا، جس کے بعد انہیں تنخواہ اور سرٹیفکیٹ دے کر فارغ کر دیا گیا۔ اب دوبارہ تعیناتی کی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ملنے کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کے پیش نظر ایس ٹی آئیز کی دوبارہ تعیناتی ضروری ہے تاکہ تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔