سٹی 42: احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ،آشیانہ اور رمضان شوگر مل ریفرنسز : عدالت نے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی،جبکہ منی لانڈرنگ کیس میں نصرت شہباز پر آئندہ سماعت پرفرد جرم عائد ہو گی جس پرعدالت نے نصرت شہباز کا پلیڈر مقرر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں شہبازشریف فیملی کیخلاف تین مختلف ریفرنسز پر سماعت ہوئی ۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزم جج نسیم ورک کے روبرو پیش ہوئے ،دوران سماعت شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز اپنے نمائندے کے ذریعے ریفرنس کی کارروائی میں شامل ہو گئیں،عدالت نے نمائندے کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج ساجد علی نےرمضان شوگرملزاورآشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف خاندان کے ریفرنس الگ الگ تاریخ میں مقرر کیے جائیں، پراسیکیوٹر نے عدالت کا بتایا کہ تینوں ریفرنسز میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے ہیں ایک ہی روز تاریخ مقرر کرنے سے سماعت متاثر ہوسکتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر اس کو دیکھیں گے، عدالت نے دونوں ریفرنسز میں کارروائی یکم اکتوبر تک ملتوی کردی ۔