ویب ڈیسک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس جنگ بندی معاہدے کی شرائط پر عمل نہیں کرتی تو وہ اسرائیل کو غزہ میں دوبارہ فوجی کارروائی کی اجازت دے دیں گے۔
بین الاقوامی چینل کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس نے اب تک 28 میں سے زیادہ تر یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہیں کیں۔صدر ٹرمپ نے حماس کو معاہدے کی پاسداری کا پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا کہ جیسے ہی میں کہوں گا، اسرائیلی فوج دوبارہ غزہ کی گلیوں اور سڑکوں پر ہوگی اور اگر اسرائیل چاہے تو حماس کو اچھی طرح سبق سکھا سکتا ہے۔
امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے غزہ امن منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر وسیع حمایت حاصل ہے تاہم نیتن یاہو کو جنگ بندی پر راضی کرنے کے لیے سمجھانا پڑا۔ اب ایران کوئی مسئلہ نہیں رہا، ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ سب ابراہیم معاہدوں کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر امن کی آواز بلند کرتے ہوئے حماس کو معاہدے کی پاسداری کے لیے خبردار کیا کہ حماس کو امن معاہدے کی شرائط پر پابندی کرنا ہوگی ورنہ پھر دوبارہ اسرائیل کو غزہ پر فوجی کارروائی کی اجازت دی جائے گی ۔