ملک اشرف :سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کا انعقاد، ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جس میں اب تک 450 سے زائد وکلاء اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔ انتخابات میں ملک بھر سے 1460 وکلاء کو ووٹ ڈالنے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔
انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ اور پرو فیشنل گروپ کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ صدارت کے عہدے کے لیے ہارون الرشید اور توفیق آصف کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ جاری ہے، جس پر وکلاء برادری کی گہری نظر ہے۔
معزز سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس (ر) محمد امیر بھٹی نے بھی ووٹ کاسٹ کیا، جو کہ وکلاء برادری کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے۔ اس کے علاوہ سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بار شاہد اکرام صدیقی، سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید، اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار زبیع اللہ ناگرہ نے بھی اپنا ووٹ ڈال دیا۔
انتخابی عمل پُرامن انداز میں جاری ہے اور وکلاء کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشن پر موجود ہے۔ نتائج کا اعلان ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔