ویب ڈیسک :جنوبی افریقہ نے 153 فلسطینی مسافروں کو تقریباً 12 گھنٹے تک طیارے میں روک کر رکھنے کے بعد بالآخر انہیں اترنے کی اجازت دے دی۔
رپورٹس کے مطابق 153 فلسطینیوں کو لےکر آنے والے طیارے نے جنوبی افریقہ کے ' او آر ٹمبو انٹرنیشنل ائیرپورٹ' پر لینڈ کیا۔
پولیس نے کہا کہ مسافروں کو ہوائی جہاز سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ ان تمام مسافروں کے پاسپورٹس پر ضروری ڈپارچر کی مہر نہیں تھی۔
بعد ازاں مقامی انسانی فلاحی تنظیم کی جانب سے عارضی رہائش فراہم کرنے کی ضمانت کے بعد جنوبی افریقہ کے محکمہ داخلہ نے تمام 153 مسافروں کو اترنے کی اجازت دی۔
جنوبی افریقہ کے صدر کا کہنا تھا کہ ان افراد کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنوبی افریقہ میں آنے کی اجازت دی گئی تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ افراد کن حالات میں غزہ سے نکلے اور کیسے جنوبی افریقہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
جنوبی افریقا کے صدر نے اعلان کیا کہ غزہ سے فلسطینیوں کو لے کر آنے والے چارٹرڈ طیارے کی پراسرار آمد کی تحقیقات کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے دوران فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کی تھی۔