ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے اجلاس،اہم فیصلے

 عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے اجلاس،اہم فیصلے
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد: وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شکیل احمد میاں اور متعلقہ میونسپل افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مریم نواز کی منظوری سے محکمہ بلدیات نے عیدالاضحیٰ کیلئے خصوصی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جبکہ عید کے آخری دن تک میونسپل ملازمین اور سُتھرا پنجاب ورکرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ اتوار تک پنجاب بھر میں عارضی کیٹل سیل پوائنٹس مکمل طور پر فعال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر امسال بھی جانوروں کی خرید و فروخت پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی۔

ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ کیٹل مارکیٹ کمپنی کی منڈیاں اور سیل پوائنٹس شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے جبکہ ہر شہر میں میونسپل کمیٹیاں بھی عارضی سیل پوائنٹس قائم کریں گی۔

اجلاس میں غیرقانونی سیل پوائنٹس اور سڑکوں پر جانوروں کی خرید و فروخت کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر شہر میں موٹر سائیکل یا گاڑیوں پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیمیں 24 گھنٹے گشت کریں گی جبکہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے رکشوں پر لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے اعلانات بھی کرائے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سہولیات سے متعلق نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں کئے جائیں اور اگر کوئی بیوپاری جانور پکڑ کر سیل پوائنٹس سے باہر نظر آیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں قربانی کے بعد صفائی ستھرائی کے انتظامات پر بھی خصوصی غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ قربانی کرنے والے گھروں کا سروے کرکے ماحول دوست بیگز تقسیم کئے جائیں اور ہر یونین کونسل میں آگاہی کیمپ لگائے جائیں۔

شکیل احمد میاں نے کہا کہ میونسپل کمیٹیاں اور سُتھرا پنجاب ایجنسیز ایک ٹیم کی طرح کام کریں گی، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کے نوٹیفائی کردہ مقامات کے علاوہ کہیں بھی سیل پوائنٹس قائم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شہروں میں آلائشیں جمع کرنے کیلئے خصوصی کولیکشن پوائنٹس قائم کئے جائیں گے اور ان کے گرد سبز کپڑے سے حد بندی کی جائے گی۔ دیہی علاقوں میں آلائشیں مقامی سطح پر دفنانے جبکہ شہری علاقوں میں مناسب انتظامات کے تحت منتقل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز میں موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی جبکہ اجتماعی قربانی کے مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آلائشیں سڑکوں یا نالوں میں پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے کئے جائیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ مقامی میڈیا کو عید پلان پر مکمل بریفنگ دی جائے اور دو سال کے تجربے کی روشنی میں اس بار مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔