ارشاد قریشی : پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 من ویجیٹیبل آئل سے تیار کردہ ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا۔
کارروائیاں راولپنڈی کے عمر روڈ، حفیظ روڈ اور بھابڑہ بازار میں قائم 3 ملک شاپس کے خلاف کی گئیں۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق دودھ کے سیمپلز لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جہاں دودھ میں ویجیٹیبل آئل کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔
سیمپلز فیل ہونے پر 2 ملک شاپس کو بند کر کے متعلقہ تھانے میں مقدمات درج کرا دیے گئے، جبکہ ایک ملک شاپ کو دودھ میں پانی کی ملاوٹ کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف صوبہ بھر میں سخت کارروائیاں جاری ہیں اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔