سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
شہر لاہورمیں گرمی کی شدت ایک بار پھر سے بڑھنے لگی، محکمہ موسمیات کی جانب سے تا حال آئندہ 24گھنٹوں میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر لاہور میں موسم گرما کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو گرمی کی شدت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق شہر میں آلودگی کی شرح 152 ریکارڈ کی گئی ہے جو عالمی معیار کے مطابق مضر صحت کے زمرے میں آتی ہے۔ ماہرین صحت نے سانس، دمہ اور دل کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ملک بھر میں فضائی آلودگی کے لحاظ سے شہر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقےبھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، رحیم یار خان میں پارہ 46 ڈگری کو چھو گیا۔پشاور بہاولپور اور نوابشاہ میں 44،لاہور میں 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد 42،راولپنڈی 41 ،کوئٹہ 38 اور کراچی میں 37 ڈگری رہا، ہیٹ ویو کا سلسلہ 20 مئی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی۔
درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے، طبی ماہرین نٰے شہریوں کو شدید گرمی میں بغیر ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔