(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب پولیس نے ڈائریکٹر سکیورٹی پنجاب اسمبلی میجر ریٹائرڈ فیصل حسین سمیت متعدد افسران کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پنجاب اسمبلی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے آج پنجاب اسمبلی کے مزید افسران کو حراست میں لے لیا ، ضمانت پر ہونے کے باوجود ڈائریکٹر سکیورٹی میجر ریٹائرڈ فیصل حسین کو بھی گرفتار کرلیا گیاجبکہ سکیورٹی اہلکار سہیل شہزاد ، لیاقت علی ،محمد طبیب اور اسامہ بھی گرفتار کیے گئے۔
ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ پولیس سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے، گزشتہ روز ریسرچ افسر شہباز حسین اور 2 سکیورٹی افسران کو حراست میں لیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے اسپیکر چودھری پرویز الٰہی کے پرسنل اسٹاف افسر کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے گئے۔
دوسری جانب مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں پنجاب حکومت کے حق میں بیانات کےلیے کی جا رہی ہیں، گرفتار کرکے حمزہ شہباز پرانی روایات کو اجاگر نہ کریں۔