(یاور ذوالفقار) وکلاء اور سائلین کی سہولت کیلئے سیشن کورٹ میں ایف آئی آر سیکشن قائم، خصوصی طور پر تیار کردہ سافٹ وئیر کی مدد سے ایف آئی آر کا حصول آسان ہو جائے گا، سیشن جج لاہور قیصر نذیربٹ نے سیکشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
وکلاء اور سائلین کو ایف آئی آر کی نقول کے لیے اب تھانوں کےچکر نہیں کاٹنا پڑیں گے، سیشن جج لاہور قیصر نذیربٹ نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے پولیس اسٹیشنز میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے آن لائن سافٹ وئیر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، کورونا خدشات کے باعث افتتاح انتہائی سادگی کے ساتھ کیا گیا، سافٹ وئیر کے انچارج ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر نے سیشن جج لاہوراورصدرلاہوربارکوسافٹ ویئربارے بریفنگ دی۔
سیشن جج لاہور نے کہا کہ وکلاء اور سائلین کی سہولت کے لیے اس سافٹ وئیر کو انسٹال کیا گیا ہے، وکلاء اور سائلین تھانوں میں جانے کی بجائے سیشن عدالت سے متعلقہ درج ہونے والی ایف آئی آر کی کاپی حاصل کرسکتے ہیں، اس سے کرپشن کا بھی خاتمہ ہوگا۔
صدر لاہور بار جی اے خان طارق نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج معین کھوکھر اور سیشن جج لاہور کی خصوصی کاوش سے اس سافٹ وئیر کو تیار کیا گیا ہے۔ سیکرٹری لاہور بار ریحان خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے، اب بروقت انصاف مل سکے گا۔
ایف آئی آر کے آن لائن سافٹ وئیر کے افتتاح کے موقع پر سینئر سول جج لاہور شکیب عمران قمر، ایڈیشنل سیشن جج یونس عزیز، صفدر ایوب اور ریحان خان سمیت سلطان محمود بھی موجود تھے۔