ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی سے مبینہ رشوت وصول کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں سابق ڈائریکٹر سائبر کرائم سرفراز چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس عہبر گل خان نے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم سرفراز چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے اس مقدمے کی تفتیش مکمل کر چکی ہے جبکہ کیس کے دیگر ملزمان کو بھی عدالتوں سے ریلیف مل چکا ہے۔
وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں نامزد سابق ڈپٹی ڈائریکٹرز زوار احمد اور محمد عثمان کی ضمانت ماتحت عدالتیں پہلے ہی منظور کر چکی ہیں جبکہ ملزم سرفراز چوہدری سے مبینہ ریکوری بھی ہو چکی ہے۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے ملزم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی تاہم وہ عدالت کو مطمئن کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈائریکٹر سائبر کرائم سرفراز چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔