ویب ڈیسک:بھارت میں مرے ہوئے باپ نے بیٹے کی شادی میں شرکت کرکے سب کو حیران کردیا۔
بھارتی ریاست تمل ناڈو کے کرشنگری ضلع کے ماتھر کے قریب ایک دلچسپ اور جذباتی واقعے نے سب کو حیران کردیا ہے۔ شادی کی تقریب میں دُلہا کے آنجہانی باپ کو آسمان سے اترتے ہوئے دکھایا گیا، جس نے حاضرین کی آنکھوں کو نم کردیا۔
یہ منظر دراصل مصنوعی ذہانت کی مدد سے تخلیق کیا گیا تھا، جس نے آنجہانی باپ کو شادی کے ہر موقع پر موجود دکھایا۔
رپورٹ کے مطابق دُلہا کا باپ شادی سے پہلے ہی اس دنیا سے چل بسا تھا لیکن اس کے بیٹے نے یہ یقینی بنایا کہ اس کے والد ان کی شادی کی تقریب میں موجود رہیں۔ اس کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے آنجہانی باپ کو ویڈیو میں زندہ کر دیا گیا۔
واقعات کے مطابق آنجہانی شخص وراڈراج، جو پیروگوپاناپلی گاؤں میں ایک ٹیکسٹائل تاجر تھا، اس کی بیوی 48 سالہ منجولا اور اس کا بڑا بیٹا 26 سالہ منیش کی شادی کی تیاری ہو رہی تھی۔ منیش کی شادی کا وعدہ 21 سالہ کاویا پریا سے تھا، جو بارگور علاقے کے گووندراج اور شیواشنکری کی بیٹی ہے۔
شادی کی تقریب پیر کی صبح ماتھر کے ایک ہال میں منعقد ہونے والی تھی لیکن اتوار کی شام وراڈراج منگنی کی تقریب کے دوران ہال میں اچانک گر پڑا، اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اسے دل کا دورہ پڑنے کے باعث مردہ قرار دیا گیا۔
تمام اہل خانہ، رشتہ دار اور حاضرین صدمے میں تھے اور شادی کو ملتوی کرنے کے بارے میں سوچ رہے تھے، لیکن اس کی بیوی منجولا نے کہا میرے شوہر نے اس شادی کا انتظام کیا تھا، لہذا شادی اسی دن ہوناچاہے۔
مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے ویڈیو میں وراڈراج کو دکھایا گیا ،تمام حاضرین کی آنکھوں میں گہرے جذبات تھے، اور آخری رسومات پیر کے دن ادا کر دی گئی۔