ویب ڈیسک: روس اور یوکرین جنگ کے خطرناک نتائج سامنے آنے لگے ۔آئی ایم ایف نےدنیا کو بڑے خطرے آگاہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے اقوام عالم کو خوارک کی فراہمی میں عدم تسلسل کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ اس عدم استحکام کی سب بڑی وجہ روس کا یوکرین پر حملہ ضرور ہے لیکن اس کی اور بھی وجوہات ہیں۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے سے دنیا کو خوراک کی فراہمی کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
اقوام عالم میں خوراک کی بڑھتی قیمتوں سے بھی افراتفری پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ یوکرین اور روس سے گندم سمیت کئی فصلوں کی عالمی منڈی میں عدم فراہمی بھی دنیا بھر کو عدم استحکام کا شکار کر دے گی۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے بورڈ میں یوکرین کے لیے مقرر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ولادیسلاو راشکووان کا کہنا ہے کہ اگر روس اور یوکرین کی جنگ مزید کچھ عرصہ جاری رہتی ہے تو عالمی سطح پر بے یقینی کے خطرناک سائے پھیل جائیں گے۔ اب تک یوکرین کے سبھی شہروں اور قصبوں کو جزوی یا بڑے پیمانے پر تباہی و بربادی کا سامنا ہے اور بنیادی ڈھانچہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے روس یوکرین جنگ کے سنگین اثرات کا دائرہ مشرقِ وسطیٰ سے لاطینی امریکا تک پھیلنے کا بتایا ہے۔
عالمی ادارے نے دنیا کو فوری طور پر اس خطرناک صورتِ حال سے بچانے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین پر حملے کے بعد روس نے جوار، باجرہ، رائی، گندم، مکئی اور دوسرے اجناس کے علاوہ سفید چینی اور براؤن چینی کی سپلائی کو محدود کر دیا ہے۔