(سٹی42)خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں سی ٹی ڈی کا خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن،دہشتگردوں کی سی ٹی ڈی جوانوں پر فائرنگ، جوابی کاروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی پالیسی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ پوری تندہی سے جاری ہے۔ کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کوہاٹ نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی میں 3 خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
سی ٹی ڈی کوہاٹ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد کسی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور شکردرہ روڈ چیک پوائنٹ قائم کر کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کی نقل و حرکت کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جس پر سی ٹی ڈی کی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وہاں پہنچنے ،مسلح دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کے جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، جس کا سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ساتھ جواب دیا۔ شدید جوابی فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 عدد کلاشنکوف، 9 میگزینیں اور متعدد کارتوس برآمد کئےگئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے میں کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جوانوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کے جوانوں نے ایک بار پھر اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر نے کامیاب آپریشن پر جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ ترجیح ہے۔